اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر ہی ملک کو لیڈ کرے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ اور اصلاحات کے عمل میں پیشرفت جاری ہے۔ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے۔ اور کلائمیٹ فنانسنگ بہت ضروری ہے۔ جبکہ مینو فیکچرنگ کے شعبے میں بہتری خوش آئند ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے ادائیگی کا توازن اور کرنٹ اکاؤنٹ اہم ہیں۔ مجموعی طور پر بر آمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ اور معاشی بہتری کے تسلسل کو برقرار رکھنا لازمی ہے۔ جبکہ شعبہ آئی ٹی میں ماہانہ بنیادوں پر بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اور رواں مالی سال ترسیلات زر 41 ارب ڈالر پر پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ آئی ٹی سیکٹر بہترین کارکردگی پیش کر رہا ہے۔ اور حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا پرائیویٹ سیکٹر ہی ملک کو لیڈ کرے گا۔ پرائیویٹ سیکٹر کی تجاویز سن رہے ہیں۔ اور بہتر تجاویز پر جلد عمل کیا جائے گا۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج کے خاتمے کی کابینہ سے منظوری کے لیے سمری بھیجی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی کارخانوں کی پیداوار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اور ٹیرف رجیم کا منصوبہ 4 سے 5 سال پر محیط ہے، حالیہ عرصے میں بہت ہی انٹرنیشنل کمپنیاں پاکستان آئی ہیں۔ اور پالیسی ریٹ کم ہونے کا قرض ادائیگی پر مثبت اثر مرتب ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، وزیر دفاع
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترک آئل کمپنی پاکستان میں آف شور ڈرلنگ کرے گی۔ اور جلد پانڈا بانڈ کا اجرا کرنے جا رہے ہیں۔ این ایف سی کے حوالے سے آئندہ ہفتے اجلاس ہو گا۔
