راولپنڈی، پاکستان نے تین ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے 115 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں چاروکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 37 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
فائنل میں پاکستان کی اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں ہوا، صائم ایوب نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 23 رنز کی مفید اننگز کھیلیں، دیگر بلے بازوں میں سلمان آغا نے 14 جبکہ فخر زمان اور عثمان خان نے 3،3 رنز جوڑے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 114 رنز بنائے تھے۔ کامِل میشارا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ نسانکا نے 11 اور رتنائیکے نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔
پاکستان کے سری لنکا دورے کا شیڈول سامنے آ گیا، 3 ٹی ٹوئنٹی میچز دامبولا میں
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں ابرار احمد نے 2 جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اس جیت نے نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو خوشی دی بلکہ سیریز میں ٹیم کی بھرپور محنت اور بہترین حکمتِ عملی کو بھی ثابت کیا۔
