راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اڈیالہ جیل سے ن لیگی کارکنوں کے نام آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آپ جانتے ہیں میں اپنی بیمار والدہ کو چھوڑ کر آئی ہوں دعا کیجیے میں ان کو صحیح سلامت دیکھ سکوں، گلے مل سکوں۔
اڈیالہ جیل سے ن لیگی کارکنوں کے نام بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے میں محمد نواز شریف کی بیٹی، آپ کی بیٹی ، مریم نواز آپ سے مخاطب ہوں، آپ کو معلوم ہے کہ میں اپنی والدہ کو بیماری کی حالت میں چھوڑ کر آئی ہوں۔
آڈیو پیغام میں بتایا گیا ہے کہ میں اپنے والد کے ساتھ لندن پہنچی تو والدہ اسپتال کے آئی سی یو میں بے ہوشی کی حالت میں تھی، جس دن لندن سے روانہ ہوئے، اس دن والدہ نے ذرا دیر کے لیے آنکھیں کھولیں، والدہ نے ہمیں دیکھا لیکن ہماری بات نہ ہو سکی۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ماں بیٹی کا رشتہ جانتے ہیں، اپنے دل پر قابو پاکر میں یہاں جیل کاٹنے، قانون کے آگے سر جھکانے کے لیے آ گئی ہوں۔
ن لیگی کارکنوں کے نام بھیجے گئے مریم نواز کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں قید میں اس لیے نہیں ہوں کہ خدانخواستہ میں نے کوئی جرم کیا ہے، میرا جرم یہ کہ میری رگوں میں میاں محمد نواز شریف کا خون ہے، میں ایک بہادر باپ کی بیٹی ہوں ، دلیر قوم کی دلیر بیٹی ہوں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے اڈیالہ جیل سے بھیجے گئے پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے مجھے نواز شریف کی کمزوری بنانا چاہا، میں ان کی طاقت بن کر ابھری، میں جیل میں نہ ہوتی تو آپ سب کے ساتھ ایک تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہوتی، اس قید کے باوجود میں آپ کے ساتھ ہوں ، آپ کی بیٹی آپ کے ساتھ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ کی بیٹی درخواست کر رہی ہے کہ الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا، نکلیں اور ووٹ کو عزت دو کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، میری بہنیں اور میری بیٹیاں اس جنگ کا ہراول دستہ ہیں، پہلے مریم نواز لاہور کے ایک حلقے سے انتخاب لڑ رہی تھی، اب مریم نواز پاکستان کے 272 حلقوں سے انتخاب لڑ رہی ہے۔
اڈیالہ جیل سے بھیجے گئے ن لیگی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ اٹھیں اور باہمت پاکستانی قوم کی شاندار روایات کے مطابق اپنی بیٹی کا مان بڑھائیں، نواز شریف کا مان بڑھائیں، جمہوریت کو مضبوط کیجیے، پاکستان کا مان بڑھائیے، اپنا مان بڑھائیے، اپنے ووٹ کا مان بڑھائیے، اپنے ووٹ کی عزت کرائیں۔
مریم نواز نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی فتح آپ کی اور پاکستان کی فتح ہو گی۔

قبل ازیں جیل انتظامیہ کی جانب سے سہولیات کے متعلق درخواست دینے کے جواب کے متعلق انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں بہتر سہولیات کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے اپنی مرضی سے سہولیات قبول کرنےسےانکار کیا اور یہ فیصلہ میں نے کسی دباؤ میں آکر نہیں کیا۔
