پشاور میں صدر کے قریب واقع فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ آور ہونے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر کے حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر 2 خودکش حملے کیے جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ایک خودکش دھماکا ہیڈکوارٹرز کے گیٹ پر جبکہ دوسرا موٹر سائیکل اسٹینڈ پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پہلا دھماکا ہوا تو دہشت گردوں نے ہیڈ کوارٹرز کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی مگر پولیس اور ایف سی کے کمانڈوز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ ان کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس اور 8 ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔
سیکورٹی فورسز حکام کا کہنا ہے کہ حملہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا، مگر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں دہشتگرد افغانی تھے، ان سے ہتھیار و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
شہدا
حملے میں ایف سی کی پلاٹون 277 کے حوالدار عالمزیب، پلاٹون 478 کے سپاہی ریاست، اور پلاٹون 277 کے سپاہی الطاف شہید ہوئے۔
زخمی اہلکاروں میں پلاٹون 277 کے لانس نائیک زیک، سپاہی ارشد، سپاہی عطاء اللہ، اور سپاہی عرفان شامل ہیں جو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اس کے علاوہ 6 عام شہری بھی زخمی حلات میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لائے گئے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا رہی ہے۔
دھماکے کے بعد سنہری روڈ بند کر کے ٹریفک کا رخ صدر روڈ کی کی طرف موڑ دیا گیا تھا جبکہ بی آر ٹی سروس بھی معطل کر دی گئی تھی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکا ایف سی چوک کے قریب ہوا اور فائرنگ کی آوازیں بھی اسی ایریا سے آ رہی تھیں۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
حملے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کا بھرپور ردعمل
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچ گئے۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئےپر عزم ہے، “ملکی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ “
