لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تبصرے مکمل طور پرغلط، غیر مناسب وقت پراور حقائق کے منافی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی کی جانب سے سابق کرکٹرراشد لطیف کے خلاف کی گئی کارروائی کسی بھی قسم کی تنقید کو دبانے کیلئے نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد جھوٹے، بے بنیاد اور ہتک آمیزالزامات کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بورڈ کی ہرکارروائی قانون کے دائرے کے اندر رہ کر کی جاتی ہے اور اس کا واحد مقصد پاکستان کرکٹ، اس کے کھلاڑیوں اورادارے کی ساکھ کا تحفظ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی کا مؤقف حقائق سے میل نہیں کھاتا اور یہ تاثر دینا کہ پی سی بی کسی کی آواز بند کر رہا ہے، سراسرغلط ہے۔
راشد لطیف نے پی سی بی سے معافی مانگ لی
چیئرمین پی سی بی کے مطابق راشد لطیف نے آج اپنے ٹویٹ میں معذرت کر کے بورڈ کے مؤقف کی تصدیق کردی ہے جو واضح ثبوت ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات درست سمت میں تھے، راشد لطیف کی معذرت کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ حقیقت کا اعتراف ہمیشہ اداروں کومضبوط بناتا ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ہم تنقید سے نہیں گھبراتے اور نہ ہی تنقید کرنے والوں کوخاموش کرانے کیلئے کوئی غیر قانونی یا غیراخلاقی طریقہ استعمال کرتے ہیں، پی سی بی کا بنیادی مقصد صرف پاکستان کرکٹ اس کی ساکھ اوراس کے اثاثوں کا تحفظ ہے، جس پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
