معروف پاکستانی اینکر اور صحافی اقرار الحسن نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی ازدواجی زندگی، مالی صورتحال اور اثاثوں کے بارے میں تفصیل سے بات کی، جس میں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے جائیداد اور آمدن کے حوالے سے کھل کر معلومات شیئر کیں۔
اقرار الحسن اپنی شخصیت، پروگراموں اور ذاتی زندگی کے باعث اکثر خبروں میں رہتے ہیں، خصوصاً ان کی تین شادیوں کا ذکر سوشل میڈیا اور میڈیا پلیٹ فارمز پر بارہا سامنے آتا رہا ہے۔
ماضی میں وہ اپنی مالی حالت کو متوسط طبقے کا قرار دیتے رہے، تاہم اس بار انہوں نے اعتراف کیا کہ اللہ نے انہیں خاصا نوازا ہے۔ اقرار کے بقول اللہ نے انہیں وہ سب کچھ دیا ہے جس کا انسان خواب دیکھ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے ڈیفنس فیز 8 میں ان کا دو کنال کا گھر تقریباً مکمل ہے اور صرف فِنشنگ کا کام باقی ہے۔ کراچی میں وہ کرائے کے گھر میں رہتے رہے، مگر وہاں ان کے پاس ایک کنال کا پلاٹ بھی موجود ہے جو انہوں نے سرمایہ کاری کے طور پر خریدا تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک گاڑی وہ کرائے پر استعمال کر رہے تھے کیونکہ سرمایہ زیادہ تر گھر کی تعمیر میں لگا رہے تھے۔ تنخواہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اقرار الحسن نے کہا کہ اگر وہ درست رقم بتا دیں تو لوگ بحث شروع کر دیں گے، تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی آمدن 5 ملین سے زیادہ ہے۔
انہوں نے یاد کیا کہ لاہور میں رپورٹر کی حیثیت سے انہوں نے صرف 15 ہزار ماہانہ تنخواہ سے کیریئر شروع کیا تھا۔ گفتگو کے دوران اقرار نے اپنی تینوں بیویوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اخلاقی اعتبار سے بہترین ہیں اور کبھی بھی ایک دوسرے کے مقابلے یا مادی خواہشات میں نہیں پڑتیں۔
اقرار الحسن نے بتایا کہ پہلی شادی ’لو میرج‘ تھی، جب کہ دوسری شادی کے دوران وہ لاہور میں تھے اور فرح کراچی میں۔ انہوں نے تیسری شادی کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔
اقرار الحسن کی حق خطیب حسین علی بادشاہ سے مناظرے کی ویڈیوز وائرل
سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس افواہ کے بارے میں کہ وہ چوتھی شادی کرنے والے ہیں، اقرار نے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو شادیاں ہوئی ہیں وہ کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں تھیں، بلکہ قدرتی طور پر حالات ایسے بنے۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں انہیں کبھی خیال بھی نہیں آیا تھا کہ وہ تین شادیاں کریں گے، بلکہ والد کی دوسری شادی کے باعث وہ سمجھتے تھے کہ دو شادیاں کرنا بھی غلط بات ہے۔
اقرار الحسن کے اس بے تکلف انٹرویو نے مداحوں کو ان کی زندگی کے کئی پہلوؤں سے آگاہ کیا اور سوشل میڈیا پر ان کے بیانات موضوع گفتگو بن گئے۔
