نیپال میں کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے کے واقعے پر پاکستان کے معروف ریپر و گلوکار طلحہ انجم نے باضابطہ طور پر معافی مانگ لی ہے۔
نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں منعقدہ حالیہ کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے اور پھر اپنے اس اقدام کا دفاع کرنے پر گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
ایک پاکستانی شہری نے طلحہ انجم کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا ہے، جس میں گلوکار سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی شہری کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں گلوکار پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے عمل سے ملک و بیرونِ ملک لاکھوں پاکستانی شہریوں میں شدید عوامی غم و غصہ، ذہنی پریشانی اور قومی، محبِ وطن اور مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھایا، جہاں تاریخی تنازعات، سرحدی جھگڑوں اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سفارتی و عسکری تعلقات انتہائی تناؤ کا شکار ہیں۔
ریپر طلحہ انجم نے کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے پر قوم سے معافی مانگ لی
ریپر و گلوکار سے قانونی نوٹس میں بلا مشروط عوامی معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مزید کہا گیا تھا کہ اگر انہوں نے اس مطالبے پر عمل نہ کیا تو بغیر کسی مزید نوٹس کے ایف آئی آر درج کی جائے گی اور فوجداری کارروائی شروع کی جائے گی۔
ریپر و گلوکار طلحہ انجم نے نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے اس عمل پر شرمندگی کا اظہار کیا اور عوام سے معافی مانگی ہے۔
