مظفر آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ہر تقریر میں بھارتی طیارے گرنے کی بات کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر باغ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 4 دن کی جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ اور امریکی کانگریس کی رپورٹ نے پاکستان کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔ امریکی صدر ہر تقریر میں بھارت کے طیارے گرنے کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج بہادری سے لڑی۔ ملکی ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اور جنگی میدان کی طرح معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے دنیا بھر میں عزت سے نوازا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی کمیٹی سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ اور امید ہے وزیر اعظم آزاد کشمیر عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
دانش اسکولز سے متعلق انہوں نے کہا کہ آج باغ میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ پورے پاکستان میں دانش اسکولز پھیل رہے ہیں۔ باغ میں دانش اسکول کی تعمیر کا کافی سفر طے ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 2026 کو باغ میں دانش اسکول کا افتتاح کریں گے۔ اور وادی نیلم میں بھی دانش اسکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی خواہش پر فاروڈ کہوٹہ میں بھی دانش اسکول کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول میں طلبا کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ اور اس کے قیام سے تعلیم کے راستے کھل گئے ہیں۔ میرٹ پر بچوں کو دانش اسکول میں تعلیم ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا مبینہ دھمکی آمیز بیان؛ الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ دانش اسکول میں زیرتعلیم بچوں کو ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔ اور دانش اسکول کی بنیاد قائداعظم کے ویژن کے مطابق رکھی گئی۔ دانش اسکولوں کا جو خواب تھا وہ آج تکمیل کے قریب ہے۔ اور 15 سال کے دوران ہزاروں بچے دانش اسکولوں سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔

