ابوظبی میں ہونے والے ٹی10 لیگ کے میچ کے بعد ایک دلچسپ لمحہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا، جب بھارتی سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سے مصافحہ کیا۔
یہ مصافحہ ناردرن وارئیرز اور ایسپن اسٹیلینز کے سنسنی خیز مقابلے کے فوراً بعد ہوا، جس میں دھانی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آخری اوور میں صرف 8 رنز کا دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کی پہلی جیت دلائی۔ وارئیرز نے یہ میچ چار رنز سے جیت لیا۔
میچ کے آخری اوور میں اسٹیلینز جیت کے قریب تھے۔ ان کا اسکور 107 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ تھا، اور انہیں فتح کے لیے صرف چند رنز درکار تھے، تاہم دھانی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو رنز دیے اور دو اہم کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اسی دوران کپتان ہربھجن سنگھ بیٹنگ کے لیے آئے، لیکن آخری دو گیندوں پر درکار چھ رنز بنانے میں ناکام رہے اور آخری گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ یوں میچ وارئیرز کے حق میں چلا گیا۔
بھارتی ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے روکا،بھارتی میڈیا
میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے روایت کے مطابق ہاتھ ملایا، اور اسی دوران ہربھجن سنگھ نے دھانی کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ مداحوں نے اسے کھیل کی بہترین مثال قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے ہربھجن سنگھ کے ماضی کے رویّوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس گرمجوشی پر تنقید بھی کی۔
In July – Harbhajan Singh withdrew from the match against Pakistan in the WCL.
In November – Harbhajan Singh was seen shaking hands with Pakistan’s Shahnawaz Dahani in the Abu Dhabi T10 League. pic.twitter.com/Xx9KWKsVDL
— ICC Asia Cricket (@ICCAsiaCricket) November 20, 2025
خیال رہے کہ ہربھجن سنگھ اس سال انگلینڈ میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت لیجنڈز ٹیم کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے دو مرتبہ پاکستان لیجنڈز کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
اس سال بھارت اور پاکستان کے درمیان مصافحے کا معاملہ مختلف مواقع پر موضوعِ بحث بھی بنا۔ ایشیا کپ 2025ء میں بھارتی کھلاڑیوں نے تینوں میچوں میں پاکستانی ٹیم سے رسمی مصافحہ نہیں کیا، جب کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025ء میں بھی دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے ٹاس کے وقت ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
