اسلام آباد، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی 13 نشستوں پر ضمنی انتخابات 23 نومبر کو منعقد ہوں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی یاد دہانی کرا دی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی انتخابی مہم 21 اور 22 نومبرکی درمیانی شب ختم ہو جائے گی، جس کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی، جلسہ یا ریلی کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضابطہ اخلاق کے تحت پولنگ کے بعد 48 گھنٹے تک سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اس پابندی کی خلاف ورزی پردوسال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم
ضمنی انتخابات کے لیے جن حلقوں میں پولنگ ہوگی، ان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈی جی خان، این اے 18 ہری پور، این اے 104 فیصل آباد اور این اے 96 فیصل آباد شامل ہیں۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفر گڑھ شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات تمام حلقوں میں پرامن اور شفاف طریقے سے کرانے کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی اداروں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔
