کیتھولک روایت میں ‘مقدس پانی’ کا تذکرہ تو عام ہے، لیکن اس بار معاملہ کچھ مختلف ہوا ہے، پوپ لیو کو امریکی بیئر یعنی شراب کا تحفہ پیش کیا گیا ہے۔
امریکی ریاست الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر، جو ویٹیکن کے دورے پر پوپ لیو سے ملاقات کیلئے آئے تھے، اپنے ساتھ شکاگو میں تیار کی گئی ہلکی امریکی شراب (ایلز) کی 4 بوتلیں لائے۔ یہ تحفہ انہوں نے پوپ کے ساتھ باہمی تبادلۂ تحائف کے دوران پیش کیا۔
گورنر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ چونکہ پوپ لیو شکاگو کے رہنے والے ہیں اور پہلے امریکی پوپ بھی ہیں، اس لیے وہ شاید یہ مقامی شراب پسند کریں۔
تحفہ قبول کرتے ہوئے پوپ نے بھی خوش دلی کا مظاہرہ کیا اور جواب دیا: “ہم اسے فریج میں رکھ دیں گے۔”
“We’ll put these in the fridge,” #PopeLeoXIV tells @GovPritzker after receiving cans of “Da Pope” beer made by Burning Bush Brewery. (from Vatican Media video) pic.twitter.com/Xhz0emnUPE
— Catholic News Service Rome (@CatholicNewsSvc) November 19, 2025
گورنر پرٹزکر 2019 سے الینوائے کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کے دورۂ روم کی وجہ واضح نہیں کی گئی، تاہم شہر میں موجود غیر ملکی حکام کی پوپ سے ملاقاتیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں۔
بیئر شکاگو کے نارتھ سائیڈ میں واقع برننگ بش بریوری کی نئی پروڈکٹ ہے، جس کا نام “دا پوپ” رکھا گیا ہے، یہ نام امریکی ٹی وی شو ‘سنیچر نائٹ لائیو’ کے مشہور اسکیچ سے لیا گیا ہے، جو شکاگو بیرز فٹبال ٹیم سے متعلق تھا۔
ویٹیکن کی جانب سے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا پوپ لیو واقعی اس شراب کو چکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں۔
