واشنگٹن: سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باہمی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ سعودی ولی عہد نے امریکا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کو وائٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔ جو بہترین کام انہوں نے کیا اس پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا کام کیا جس کا کوئی یقین نہیں کرتا۔ اور سعودی ولی عہد کے ساتھ تاریخی معاہدے ہوئے ہیں. محمد بن سلمان مستقبل کے بادشاہ ہیں۔ اور ہمارے تعلقات اچھے رہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا مردہ تھا تاہم آج ہم ایک بہتر ملک بن گئے ہیں۔ بائیڈن دور میں امریکا میں مہنگائی عروج پر تھی۔ اور ہم مہنگائی کم ترین سطح پر لائے۔ سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کا مؤقف ہر مسئلے پر ایک جیسا رہا ہے۔ ہم نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کر دیں۔ جبکہ سعودی عرب کو جدید چپس کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران رپورٹر پر برہم ہو گئے۔ اور رپورٹر کے سوال پر امریکی میڈیا اے بی سی کو فیک نیوز قرار دے دیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر معاشی ترقی کے لیے اچھے اقدامات کر رہے ہیں۔ اور سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ جبکہ سعودی سرمایہ کاری کو ایک ٹریلین ڈالر تک بڑھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈین حکومت نے خالصتان تحریک کی کھل کر حمایت کر دی
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ امریکی صدر کے دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔
