کراچی: شہر قائد میں اگلے ہفتے سے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں شرجیل میمن کو یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
سندھ حکومت نے شہر قائد میں اگلے ہفتے سے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا۔ جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امید ہے کہ ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے تک کراچی میں پہنچ جائیں گی۔ اور ڈبل ڈیکر کے ساتھ ساتھ ای وی بسوں کے نئے روٹ بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی اور اس سال مزید 500 بسیں شروع کرنے جا رہے ہیں۔ جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی شروع کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے روٹس کے حوالے سے آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی پر کام جاری ہے۔ اور یلو لائن بی آر ٹی پر کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کام میں تیزی لائی جائے اور ڈیپوز کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس: دفاعی شعبے کے منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے کی گرانٹ منظور
انہوں نے کہا کہ خواتین اور طالبات کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اور تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔
