حکومتِ پاکستان نے 5 جی اسپیکٹرم نیلامی کے لیے نئی ٹائم لائن جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے دسمبر 2025 کی ڈیڈ لائن طے کی گئی تھی، تاہم اب نیلامی کو اگلے سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جنوری تا مارچ 2026 میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
فریکوئنسی الاٹمنٹ بورڈ کے مطابق مجموعی طور پر 606 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ بینڈز میں دستیاب ہوگا، جن میں 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز شامل ہیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی مشاورتی کمپنی نیرا (NERA) نے اپنی تفصیلی رپورٹ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے پیش کی۔ رپورٹ میں مارکیٹ کی تیاری، قیمتوں کے تجزیے، نیلامی حکمتِ عملی اور لائسنسنگ ڈھانچے سے متعلق اہم سفارشات شامل ہیں۔
شنگھائی میں 5 جی بیس اسٹیشنز کی تعداد92ہزار تک پہنچ گئی
ایڈوائزری کمیٹی جلد اپنی حتمی سفارشات اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی، جس کے بعد وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نیلامی سے متعلق باقاعدہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی۔
ماہرین کے مطابق 5جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، بہتر کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
