پشاور ہائیکورٹ: لانگ مارچ کیلئے سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد


پشاور ہائی کورٹ نے لانگ مارچ اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری گاڑیوں اور وسائل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سیاسی ریلیوں میں ریسکیو مشینری اور فائر بریگیڈ کا استعمال کھلی بددیانتی اور عوامی اعتماد سے غداری ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 4، 5 اور 25 کے تحت عوامی وسائل کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا حکومت کو حکم دیا ہے کہ لانگ مارچ یا کسی بھی سیاسی ریلی کے لیے سرکاری مشینری، گاڑیوں یا عملے کو تعینات نہ کیا جائے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیاں اور مشینری عوام کی خدمت کے لیے ہیں، کسی سیاسی شو کے لیے نہیں۔ مزید کہا گیا کہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری اہلکاروں کی تعیناتی اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف ہے۔

پی ٹی آئی کی 19 فروری کو لانگ مارچ کی کال،یہ چیمپئنز ٹرافی کے میچ چھیننے کی وطن دشمن کوشش ہے، خواجہ آصف

قبل ازیں دورانِ سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کا استعمال کرتی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق فریقین سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری ملازمین اور مشینری کا استعمال کرتےہیں۔ احتجاج میں استعمال ہونے والی صوبائی حکومت کی مشینری اب بھی وفاق کے قبضے میں ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں
WhatsApp