اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 27ویں ترمیم پر فل کورٹ اجلاس بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ اجلاس کل بروز جمعہ سے قبل بلایا ہے۔
فل کورٹ اجلاس میں 27 آئینی ترمیم پر بات ہو گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تین ججز نے فل کورٹ اجلاس کے لیے خط لکھا تھا۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس صلاح الدین پنہور نے بھی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو 27ویں ترمیم کے معاملے پر خط لکھا تھا۔ خط میں انہوں نے چیف جسٹس سے 27ویں آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لینے اور فل کورٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا تھا کہ بطور احتجاج نہیں بلکہ اپنا فرض سمجھتے ہوئے خط لکھ رہا ہوں، فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے تاکہ آئین کے بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی توازن پر کوئی اثر نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا خیر خواہ ، چاہتا ہوں باہر آئیں ، فیصل واوڈا
خط میں انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم آئینی معاملے پر ”لاء اینڈ جسٹس کمیشن“ اور دیگر پالیسی ساز کمیٹیوں سے بھی مشاورت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستائیسویں ترمیم اختیارات کے توازن کو خراب کر سکتی ہے۔
