اسلام آباد، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں 40 سے زائد ممالک کے اسپیکرز اور پارلیمانی نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹراسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اوروفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے شرکاء کو ایوانِ صدرمیں خوش آمدید کہا اوران کی شرکت پر اظہارِ مسرت کیا، بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس نے پارلیمانی سفارت کاری کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے۔
آئینی عدالت کا قیام میثاق جمہوریت کا عروج ہے، 18ویں ترمیم میں یکطرفہ تبدیلی نہیں ہو گی، وزیراعظم
گزشتہ دو روز میں دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں نے امن و ترقی کے فروغ کیلئے مؤثر مکالمہ کیا، جو باہمی تعاون اور اعتماد کو فروغ دینے کی سمت میں اہم قدم ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ دنیا اس وقت معاشی، ماحولیاتی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جن کا حل صرف مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔
انہوں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں کانفرنس نے تعاون اور دوستی کے نئے راستے کھولے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس نے امن اور ترقی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھایا ہے اور اسلام آباد اعلامیہ آئندہ کے لیے امن و استحکام کا واضح لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔
