وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گرد حملے کی ناکام کوشش کے بعد اساتذہ اور کیڈٹس کے حوصلے بلند ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی نگرانی کی اور واضح ہدایت دی کہ قوم کے معماروں کو کسی بھی قیمت پر نقصان نہ پہنچے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے جوان 24 گھنٹے سے زائد ڈھال بن کر کالج کے باہر کھڑے رہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آپریشن کے دوران کہا کہ “قوم کے معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔”
آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر کے مطابق 10 نومبر کو 5 افغانی خارجیوں نے وانا کیڈٹ کالج پر حملے کی کوشش کی۔
ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جبکہ دیگر دہشت گردوں نے کالج میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
کرنل طاہر نے بتایا کہ دہشت گردوں کو کالج کے مخصوص بلاک میں محدود کیا گیا تاکہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے، اور رات ساڑھے 10 بجے کے قریب تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
کالج میں زیرِ تعلیم کیڈٹس نے بتایا کہ حملے کے وقت وہ ڈرلز کی تیاری کر رہے تھے۔ حملے کے فوراً بعد جب پاک فوج کے جوان پہنچے تو اساتذہ نے ہمیں کہا کہ “اب پریشان نہ ہوں، پاک فوج پہنچ چکی ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہو گیا تھا کہ حملہ تعلیم دشمنوں کی کارروائی ہے، مگر پاک فوج کے جوانوں نے ہمیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ایک کیڈٹ نے کہا کہ “تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، ہم تعلیم حاصل کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔”
