وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد حملہ پوری قوم کیلئے ویک اپ کال ہے، ہمیں اندازہ تھا کہ ہم پر پریشر ڈالنے کے لیے اس قسم کی کوئی حرکت کی جائے گی۔
ایکس پر بیان اور صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک دہشتگردی سرحدی علاقوں میں محدود تھی ، افغانستان میں بیٹھے دہشتگردوں کی افغان حکومت پشت پناہی کر رہی ہے ، دہشتگردانہ حملے سے ہمیں پیغام دیا ہے کہ آپ کے تمام علاقے ہماری زد میں ہیں۔
پاکستان میں دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں، شہباز شریف
ان کا کہنا تھا کہ ہماری عوام اور افواج دہشتگردی میں قربانیاں دے رہے ہیں ، پاکستان دہشتگردانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دے گا ، دہشتگردانہ کارروائیاں نہ سرحدی اور نہ ہی شہری علاقوں میں برداشت کی جائے گی۔ حملوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان حکومت سے کامیاب ڈائیلاگ کی تھوڑی سے امید تھی ، اس حملے کے بعد کابل کے حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات کی امید رکھنا بے فائدہ ہے ، ان حالات میں ریاست کو سنجیدہ ہو کر سوچنا ہو گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ٹی ٹی پی ایک ایکسٹنشن ہے ان کے سارے چیلے کابل میں بیٹھے ہیں ، کابل حکومت کس طرح انکی ذمہ داری قبول نہیں کرسکتی ، میں سمجھتا ہوں کہ دہشتگردی کے خطرات پاکستان کے تمام شہروں میں موجود ہیں۔
