اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پر تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں سینیٹرز کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں۔ کہ تمام اتحادی جماعتوں نے اس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی، ملکی مفاد اور گورننس کی بہتری کے لیے سب نے مل کر کوشش کی۔ اور حاصل کیے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں نام ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی عکاس ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا ہے۔ اور ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ، خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے پر بات ہوئی، وزیر قانون
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی۔ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
