اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آذربائیجان کے بہادر سپوتوں نے اپنی سرزمین کا کامیابی سے دفاع کیا۔ جبکہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین ممالک مگر دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تینوں ممالک نے متعدد بار اپنی دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کی حامل تھی۔ اور معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے7طیارے مار گرائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ رکھا ہے۔ جبکہ آزادی کے لیے جدوجہد، عزم اور حوصلہ ضروری ہے۔ پاکستان نے آذربائیجان کے منصفانہ مؤقف کا ہمیشہ ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے۔ اور ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی کامیابیوں پر خوشی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 27ویں ترمیم کا مقصد عدالتی اصلاحات اور آسان انصاف کی فراہمی ہے، وزیر قانون
وزیر اعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی بہادر افواج نے عزم اور بلند حوصلے سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پاکستان پُرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
