وزیرآباد، حلقہ این اے-66 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔
ریٹرننگ آفیسر نے باضابطہ طور پر فارم-34 جاری کرتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 75(1) کے تحت کیا گیا۔
حلقہ این اے-66 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 48 ہزار 872 ہے۔ اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار احمد چٹھہ قبل ازیں نااہل قرار پائے تھے، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے بلال فاروق تارڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
27ویں ترمیم کا مقصد عدالتی اصلاحات اور آسان انصاف کی فراہمی ہے، وزیر قانون
تمام دیگر امیدواروں نے بلال فاروق تارڑ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا، جس پر انہیں بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حلقے کے ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق انتخابی ضابطے کی تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد بلال فاروق تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا گیا ہے۔
بلال فاروق تارڑ نے اپنی بلا مقابلہ کامیابی کو عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حلقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
