ہانگ کانگ سکسز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے شائقین کو محظوظ کیا۔
کویت کے خلاف میچ کے دوران انہوں ںے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے جس کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
عباس آفریدی نے صرف 12 گیندوں پر 55 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر ٹیم کو 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامیابی دلائی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے شامل تھے اور پاکستان نے میچ 4 وکٹوں سے جیتا۔
یاد رہے کہ عباس آفریدی نے جنوری 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اب انہوں نے سپر سکسز میں اپنی فارم کا لوہا منوایا ہے۔
پاکستان اب سپر سکسز کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ قومی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

