وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔
اجلاس میں کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جس کے بعد وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کا خیر مقدم کیا اور اتحادی جماعتوں کا بھی اظہار تشکر کیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا کو ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے وسیع مفاد میں ترمیم کے لیے سب نے مل کر کوشش کی اور وزارت قانون، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی مشاورت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
