اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف خان، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔ جس میں 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کو ایم رہنماؤں نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم سے 27 ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے بلدیاتی مسودے کو 27 ویں ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہائی کرائی۔
ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم میں ایم کیو ایم کے بلدیاتی آئینی ترمیمی مسودے کو مسلم لیگ ن مکمل سپورٹ کرے گی۔ اور یہی ملاقات میں پارٹی کی پہلی ترجیح تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 27ویں آئینی ترمیم کی شقوں پر غور کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
دوسری جانب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیر اعظم نے 27 ویں ترمیم پر اعتماد میں لیا، آئینی ترمیم پر وزیراعظم نے مکمل مشاورت کی جبکہ آئینی ترمیم میں بلدیاتی مسودے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔
