وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دیگر صوبوں کے مسافروں پر کراچی ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ادارہ ایسے تمام دعووں کو مسترد کرتا ہے کیونکہ اس نوعیت کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق امیگریشن چیکنگ اور پروفائلنگ صرف مخصوص کیسز میں سخت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ان ایجنٹوں سے محفوظ رکھا جا سکے جو انہیں غیر قانونی راستوں، خصوصاً سمندری راستوں سے بیرون ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایف آئی اے نے تصدیق کی کہ وہ مسافر جو پہلی بار بیرون ملک سفر کر رہے ہیں، خاص طور پر وہ جو سندھ کے رہائشی نہیں، ان کی دستاویزات کی اضافی جانچ کی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پالیسی خاص طور پر ان افراد پر لاگو ہوتی ہے جو اپنے قریبی صوبائی ایئرپورٹ کے بجائے کراچی سے روانگی کا انتخاب کرتے ہیں، ایسے مسافروں سے روانگی کے مقام کے انتخاب کی وضاحت طلب کی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں ایک پرواز سے امیگریشن حکام نے 57 مسافروں کو آف لوڈ کیا جن میں 35 عمرہ زائرین اور 22 روزگار ویزا رکھنے والے شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق ان مسافروں کے پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ بھی نہیں لگایا گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ 8 دن بند ہونے کی خبریں گمراہ کن ہیں، ڈی جی پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی
ایف آئی اے نے واضح کیا کہ جو مسافر مکمل اور درست دستاویزات پیش کرتے ہیں اور اطمینان بخش وضاحت فراہم کرتے ہیں، انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوتا۔
ادارے نے بتایا کہ نئی جانچ کے تحت خاص طور پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہری جو پہلی بار بیرون ملک سفر کر رہے ہیں، ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے قریبی ایئرپورٹ سے ہی روانگی اختیار کریں۔
