ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں دو پاکستانی کرکٹرز افتخار احمد اور عبید شاہ کا بھارتی فرنچائز دہلی بلز سے معاہدہ ہو گیا۔
لیگ کا نواں ایڈیشن رواں ماہ سے ابو ظہبی میں شروع ہو رہا ہے۔ فرنچائز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ افتخار احمد اور عبید شاہ کی شمولیت سے ٹیم کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔
انیس سالہ عبید شاہ کے لیے یہ پہلا بین الاقوامی فرنچائز معاہدہ ہے جو ان کے کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ نوجوان فاسٹ بولر نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن میں ملتان سلطانز کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔
انہوں نے 11 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کر کے اپنی رفتار اور درستگی سے سب کو متاثر کیا۔ دہلی بلز نے ان کی شمولیت کو اپنی بولنگ لائن میں نئی توانائی کے طور پر دیکھا ہے۔
دوسری جانب تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد ایک مرتبہ پھر عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ مڈل آرڈر میں نہ صرف جارحانہ بیٹنگ بلکہ ٹیم کو مستحکم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
افتخار احمد اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی سی پی ایل، بنگلہ دیش کی بی پی ایل اور سری لنکا کی ایل پی ایل میں بھی شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں، اور اب وہ متحدہ عرب امارات میں دہلی بلز کے لیے ایک اہم کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
ایشیز سیریز کی تیاری: کئی آسٹریلوی کرکٹرز بھارت کیخلاف ٹی 20 سیریز سے دستبردار
دہلی بلز میں اس وقت چار پاکستانی کھلاڑی موجود ہیں۔ افتخار احمد اور عبید شاہ سے قبل ٹیم نے سلمان ارشاد اور میر حمزہ کو بھی اکتوبر کے پلیئر ڈرافٹ میں منتخب کیا تھا، جس سے ٹیم کی فاسٹ بولنگ میں مزید گہرائی پیدا ہو گئی ہے۔
اس سال کی ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ میں مجموعی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کرے گی۔ دکن گلیڈی ایٹرز نے اسپنر عثمان طارق اور نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
اجمان ٹائٹنز کی ٹیم میں زمان خان، آصف علی اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ شاداب داہانی نادرن واریئرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے، جبکہ کوئٹہ کیولری میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں موجودگی ہے۔
ٹی ٹین فارمیٹ کے اس تیز ترین ایڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان صلاحیتوں کی شرکت سے شائقین کرکٹ کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
