لاہور: پنجاب حکومت نے منشیات کے ملزمان کے خلاف مزید سخت قوانین بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز ترمیمی بل 2025 اسمبلی سے منظور کر لیا گیا۔ بل کے تحت منشیات کے مقدمات میں ضمانت سے متعلق دفعات میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
بل کے متن کے مطابق منشیات مقدمات میں عمر قید کی سزا والے ملزمان کو ضمانت نہیں دی جائے گی۔ اور عدالت کو دیگر جرائم میں ضمانت دینے سے قبل بھاری زرضمانت اور کیس کی نوعیت دیکھنا لازم ہو گا۔
متن میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں سنی جائے گی۔ اور ہائی کورٹ کے بینچ کی نامزدگی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا مارکیٹوں کے طے شدہ اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ
ترمیمی بل کا مقصد منشیات کے مقدمات میں قانونی خلا اور تاخیر کو ختم کرنا ہے۔ جبکہ ترمیمی قانون سے منشیات کے خلاف کارروائی مؤثر بنے گی۔ سیکشن 38، 39، 40، 41 اور 44 میں تبدیلیاں کی گئیں۔ اور سیکشن 40 میں اپیل کے نظام کو ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے ماتحت کیا گیا۔
