ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 ستمبر 2025 کو ختم ہونے والے 9 ماہ کے مالیاتی نتائج کی منظوری دے دی۔
رپورٹ کے مطابق بینک نے ٹیکس سے قبل 5.65 ارب روپے منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 3.88 ارب روپے کے مقابلے میں 45.60 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
شاندار منافع کا بنیادی سبب ڈپازٹس میں نمایاں اضافہ، ڈیجیٹل پیمنٹ سروسز سے حاصل ہونے والی فیس آمدن اور مؤثر اخراجاتی نظم بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیٹ مارک اپ آمدن میں 8.46 فیصد اضافہ ہوا، جو ڈیجیٹل قرضوں اور کم لاگت ڈپازٹس میں مسلسل اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
اسی طرح نان مارک اپ آمدن میں 44.62 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کی بڑی وجہ آن لائن ٹرانزیکشنز، بَنڈل پروڈکٹس، ڈسبرسمنٹ و کلیکشن کمیشن اور انشورنس پروڈکٹس سے حاصل ہونے والی آمدن ہے۔
بینک کے آپریٹنگ اخراجات میں 5.92 فیصد معمولی اضافہ ہوا، تاہم ٹیکنالوجی، ٹیلنٹ اور کسٹمر ایکوزیشن میں سرمایہ کاری جاری رہی۔ کاسٹ ٹو انکم ریشو بہتر ہو کر 69.91 فیصد پر آ گئی، جو گزشتہ سال 80.31 فیصد تھی۔
اس کے علاوہ کسٹمر ڈپازٹس 109.6 ارب روپے تک پہنچ گئے، جو ستمبر 2024 کے مقابلے میں 61.88 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں، جبکہ کل قرضہ جات 26.14 ارب روپے اور لون ٹو ڈپازٹ ریشو 21.54 فیصد رہا۔
بینک کی کل ایکویٹی 18.35 ارب روپے اور سرمایہ جاتی کفایت کا تناسب (CAR) 23.16 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو مقررہ معیار سے کہیں زیادہ ہے۔
