شمالی میکسیکو کے شہر ہرموسیلو میں ایک سپرمارکیٹ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
صوبہ سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ایک جامع اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
🔴MEXICO 🇲🇽| #Tragedy : an explosion followed by a fire on Saturday, Nov 1st, in a supermarket in downtown #Hermosillo left + 23 dead, including minors, and several injured. According to the press, customers took refuge inside the store after the explosion and were trapped…1/2 pic.twitter.com/3eYPjo4vW2
— Nanana365 (@nanana365media) November 2, 2025
حکام کے مطابق، دھماکہ شہر کے وسط میں واقع ’’والڈوز‘‘ (Waldo’s) اسٹور میں ہوا۔ مقامی سیکیورٹی اداروں نے ابتدائی طور پر کسی دہشت گرد حملے یا پرتشدد کارروائی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین باؤم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے سرکاری اطلاعات پر اعتماد کریں۔
