لاہور: حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے میں وال چاکنگ پر پابندی عائد کر دی گئی۔
صوبائی حکومت نے تجاوزات کو خوبصورتی میں ڈھالنے اور وال چاکنگ ختم کر کے دیواریں صاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی منظوری دے دی۔
وال چاکنگ پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقنی بنانے کا حکم دیا گیا۔ جبکہ پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر وال چاکنگ ختم کر کے دیواریں صاف کی جائیں گی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب کے 39 اضلاع میں ساڑھے 16 ارب روپے سے 132 اسکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ جبکہ بیوٹیفکیشن کی 122 اسکیموں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا، گجرات، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اسکیمیں اگلے جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ ملتان میں نومبر اور گوجرانوالہ میں دسمبر کے آخر تک اسکیمیں مکمل کرنے کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ساہیوال میں بیوٹیفکیشن کی 24 اسکیمیں اگلے مارچ تک مکمل کر لی جائیں گی۔ اور ہر شہر میں سڑکوں اور بازاروں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ٹف ٹائل بھی لگائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، صدر زرداری
مرکزی بازاروں کو خوش نما اور جاذب نظر بنانے کے لیے اپ لفٹنگ اور بیوٹیفکیشن کی جائے گی۔ جبکہ مختلف شہروں میں قدیمی دروازوں اور روایتی بازاروں کو ری ماڈلنگ سے خوبصورت شکل دی جائے گی۔
