وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن “سندور” کی ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹی معلومات اور گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے، تاہم پاکستان نے اس سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیرِ مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے انکشاف کیا کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اعجاز ملاح نامی پاکستانی مچھیرے کو گرفتار کر کے اسے خفیہ مشن پر پاکستان بھیجا۔ جب وہ آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں خریدنے کی کوشش کر رہا تھا تو پاکستانی اداروں نے نگرانی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
عطا تارڑ کے مطابق اعجاز ملاح نے گرفتار ہونے کے بعد تمام حقائق کا اعتراف کر لیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات نے اعجاز ملاح کا اعترافی ویڈیو بیان بھی میڈیا کو دکھایا۔
اعجاز ملاح نے اپنے بیان میں کہا کہ “ہم مچھلیاں پکڑنے گئے تھے تو بھارت نے ہمیں گرفتار کر لیا۔ وہاں خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے کہا کہ آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، زونگ سم، پاکستانی سگریٹ اور کرنسی لانی ہے۔”
اعجاز ملاح کے مطابق بھارتی ایجنسی نے اسے کچھ تصاویر بھیجنے کا ٹاسک دیا اور رہائی کے بعد دوبارہ سمندر میں جانے پر پاکستانی اداروں نے اسے گرفتار کر لیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی معرکہ حق میں فتح ہضم نہیں کر پا رہا اور مسلسل منفی پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حقائق جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نےکہا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی مہم شروع کر رکھی ہے،بھارت میدان جنگ میں شکست کو بھلا نہیں پا رہا ہے۔
