ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ کو افغان شہریوں کی واپسی کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کے مطابق ملک سے افغان شہریوں کی بے دخلی کے لیے امیگریشن اور کسٹم عملے کو صبح 7 بجے ڈیوٹی کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینکڑوں افغان شہری اپنے ملک واپس جانے کے لیے بارڈر پر موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرحد صرف افغان شہریوں کی واپسی کے لیے کھولی گئی ہے، جبکہ دوطرفہ تجارت تاحال معطل رہے گی۔
پاک افغان کشیدگی کے باعث طورخم سرحد 20 اکتوبر سے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند تھی۔
فیڈرل ٹیکس بیورو کے مطابق طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ کے کسٹمز بارڈر اسٹیشنز پر کسٹمز کلیئرنس 12 اکتوبر سے معطل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ تجارتی سرگرمیوں کے لیے پاک افغان سرحدیں کھولنے سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب غیرقانونی مقیم افغانی و دیگر غیرملکی باشندوں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی غیرقانونی مقیم افغانی یا دیگر غیر ملکی کومکان، دکان مت دیں نہ کاروباری معاملات رکھیں، خلاف ورزی پرقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
