لاہور، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی ہدایت پر پنجاب بھرکی عدالتوں میں شہریوں کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے شکایات بکس نصب کردیئے گئے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد عدالتی نظام میں بہتری لانا اورعوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ اورسیشن ججز کے دفاترکے باہرای میل ایڈریسزاورواٹس ایپ نمبرزنمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں تاکہ شہری باآسانی اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
علیمہ خان کا شناختی کارڈ ،پاسپورٹ بلاک ، نادرا کی عدالت میں رپورٹ، چھٹی مرتبہ وارنٹ بھی جاری
مراسلے کے مطابق اسی طرح، سینئرسول ججز کے دفاترکے باہر بھی یہی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، شکایات باکسز روزانہ عدالتوں کی ڈائری بکس کھلنے کے وقت کھولے جائیں گے اور موصول ہونے والی ہر شکایت پرفوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید یہ کہ شکایت موصول ہونے پرشکایت کنندہ کو تصدیقی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا جبکہ کارروائی مکمل ہونے پر انہیں ایس ایم ایس اور سرکاری خط کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ہدایت دی ہے کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا نظراندازی برداشت نہیں کی جائے گی اورمتعلقہ افسران شکایات کے ازالے کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کریں۔
یہ اقدام عدالتی شفافیت، عوامی اعتماد اورمؤثرانصاف کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قراردیا جا رہا ہے۔
