اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ صدر رجب طیب ایردوان پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر ترکیہ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج ہم ترکیہ کی 102ویں قومی دن کی تقریب منانے کے لیے متحد ہوئے ہیں۔ جبکہ اسلام آباد میں پاکستان اور ترکیہ کے پرچم لہرا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابل فخر کامیابیوں سے عبارت ہے۔ اور ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کمال اتاترک نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی۔ اور آج ترک صدر رجب طیب ایردوان دنیا میں ترقی اور قیادت کی روشن مثال بن چکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ ترکیہ نے چند دہائیوں میں ترقی اور خوشحالی کے سنگ میل عبور کیے ہیں۔ جبکہ طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، روحانی اور باہمی محبت کے رشتوں میں بندھے ہیں۔ پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ تعلقات آج کے نہیں کئی دہائیوں پرانے ہیں۔ اور پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان اس دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی جارحیت پر ہماری مسلح افواج نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو سبق سکھایا۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران صدر طیب ایردوان پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ ترکیہ صدر کا جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینا بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔ اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جب تک ہم آئین کو نہیں مانتے ملک نہیں چلے گا، شاہد خاقان عباسی
انہوں نے کہا کہ جنگ ہو، تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب، ترکیہ مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہا۔ صدر طیب ایردوان نے غزہ کے لوگوں کو ہر مشکل وقت میں سپورٹ کیا۔ اور غزہ کے لوگوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر ترکیہ اور صدر ایردوان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
