لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فلسطینی جشن منا رہے تھے۔ اور یہاں ایک شرپسند جماعت اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کر رہی تھی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے علمائے کرام کا اہم کردار ہے۔ ریاست اور عوام آپ کو اپنا رہنما مانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا سب کا حق ہے مگر ملک کی ترقی سب سے اہم ہے۔ اور ماضی میں سیاسی مقاصد کے لیے کچھ جماعتوں کو بنایا گیا۔ ایک جماعت کے خلاف کارروائی کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ جبکہ پولیس اہلکاروں پر تشدد اور املاک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ پوری کوشش ہوتی ہے روزمرہ کی زندگی میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔ سیاست کرنا مذہبی جماعتوں کا بھی حق ہے۔ جبکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ہتھیار اٹھالیں اور کہیں جو بھی پولیس والا نظر آئے اس کو مار دیں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والےادارے عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اور حکومت چاہتی ہے کہ عوام گھر سے نکلیں تو ان کو کوئی مشکلات پیدا نہ ہوں۔ سیاست میں راستے بند کرنا اور املاک کو نقصان پہنچانا قبول نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف والے جب تک سیاسی جنگ لڑتے رہے ان کو کسی نے کچھ نہیں کہا۔ لیکن جب انہوں نے ریاست کے خلاف اسلحہ اٹھایا اس دن سے ان کے خلاف کارروائی شروع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مستعفیٰ ہونے کیلئے شرط رکھ دی
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا زوال 9 مئی والے دن سے شروع ہوا۔ یہاں سیاسی جنگ لڑنے والوں کو اسلحہ اٹھانے کی کیا ضرورت تھی؟ ہم نے بھی جدوجہد کی مگر کبھی ہتھیار نہیں اٹھائے۔ جبکہ جماعت اسلامی اور دیگر مذہبی جماعتوں نے جلسے کیے مگر کوئی ہتھیار نہیں اٹھایا۔
