امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا میں ایپک سی ای او سمٹ (APEC CEO Summit) سے خطاب کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کر کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے زخم تازہ کر دیے۔
امریکی صدر نے کہا کہ جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے گرائے گئے، مگر انہوں نے دونوں ملکوں کو قائل کیا کہ “جنگ کے ساتھ امریکا تجارت نہیں کرے گا۔”
انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو “بہترین شخصیت” اور پاکستانی فیلڈ مارشل کو “بہترین فائٹر اور زبردست شخصیت” قرار دیا۔
یاد رہے کہ امریکی جریدے بلوم برگ نے آج ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مودی نے اس ڈر سے ملائیشیا میں ہونیوالے آسیان کانفرنس میں شرکت نہیں کی کہ وہاں ٹرمپ پھر سے رافیل طیاروں کے گرنے کا ذکر چھیڑ کر انہیں شرمندہ کریں گے۔
مودی ریاست بہار کے الیکشن کی مہم میں مصروف ہیں اور نہیں چاہتے کہ اس وقت ٹرمپ کا سامنا کریں کیونکہ وہ پھر پاک بھارت جنگ میں بھارت کی ہار کا ذکر کریں گے جس سے مودی کا سیاسی نقصان ہو گا۔
.@POTUS arrives at the 2025 APEC CEO Summit in Gyeongju, Korea 🇺🇸🇰🇷 pic.twitter.com/C3jESBnQdV
— Rapid Response 47 (@RapidResponse47) October 29, 2025
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی یقینی بنائی۔ میں نے دونوں ممالک کے سربراہان سے کہا کہ اگر جنگ نہیں رکی تو امریکا 250 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، اور صرف 48 گھنٹوں میں جنگ بندی ہو گئی۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت کے اختتام تک امریکا میں 21 ٹریلین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی، اور جو ملک امریکا میں فیکٹریاں قائم کریں گے، انہیں کسی قسم کا ٹیرف نہیں دینا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا اگر امریکا ترقی کرے گا تو اس کے اتحادی بھی ترقی کریں گے، کیونکہ اقتصادی سلامتی ہی قومی سلامتی ہے۔
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ کل چینی صدر شی جن پنگ سے ہونے والی ملاقات امریکا اور چین دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ “مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن” جلد قائم ہونے والا ہے۔
