امریکا سے جرمنی جانے والی پرواز میں ایک بھارتی شہری نے دورانِ پرواز دو کم عمر لڑکوں کو دھات کے کانٹے سے زخمی کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملزم نے عملے کے ایک رکن اور خاتون مسافر پر بھی حملے کی کوشش کی، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طورپرامریکی شہر بوسٹن میں اتارنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز شکاگو سے روانہ ہونے والی پرواز میں اس وقت پیش آیا جب کھانا سرو کیے جانے کے بعد ایک 17 سالہ لڑکا سو رہا تھا۔
اچانک آنکھ کھلنے پر اس نے دیکھا کہ مسافر پرنیت کمار اس کے اوپر جھکا ہوا ہے اور اسی دوران اس نے لڑکے کے بائیں کندھے پر کانٹے سے وار کر دیا۔
حملہ آور نے فوراً ساتھ والی نشست پر موجود ایک دوسرے 17 سالہ لڑکے کے سر کے پچھلے حصے پر بھی وار کیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق عملے نے ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی تو اس نے اپنی انگلیوں سے بندوق کا اشارہ بنا کر منہ میں رکھنے کی اداکاری کی، جیسے خود کو گولی مار رہا ہو اسی دوران اس نے ایک خاتون مسافرکو تھپڑ مارا اور فلائٹ اٹینڈنٹ پرحملے کی کوشش کی۔
امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے مطابق 28 سالہ بھارتی شہری پر خطرناک ہتھیار سے جسمانی نقصان پہنچانے کے ارادے سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
