اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے دوبارہ غزہ شہر پر شدید فضائی حملے شروع کر دیے۔
غیرملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جبکہ ایک حملہ الشفاء اسپتال کے عقب میں کیا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے کئی مقامات پر بمباری کی جس سے دھماکوں کی آوازیں شہر بھر میں گونجتی رہیں۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے مار گرانے کا تذکرہ کردیا
اسپتال کے قریب گرنے والے میزائل کے نتیجے میں مریضوں، بچوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور اسپتال کے اردگرد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے آج فوجی قیادت کو ہدایت دی تھی کہ غزہ میں ’’فوری اور بھرپور‘‘ کارروائی کی جائے، اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ ہوا، جس کے بعد تل ابیب نے فضائی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔
غزہ میں صورتِ حال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی ہے اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں تک رسائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
