پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں کھیلنا ہمیشہ ایک نیا امتحان ہوتا ہے، رینیگیڈز کی نمائندگی کیلئے پُرجوش ہوں۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ اپنے کیرئیر میں چیلنجز کو ہمیشہ خوش آمدید کہتے ہیں اور بگ بیش لیگ (BBL) میں شرکت اُن کے لیے ایک نیا تجربہ ثابت ہوگی۔
ایک انٹرویو میں رضوان نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کی کرکٹ کو نہ صرف طویل عرصے سے دیکھتے آئے ہیں بلکہ ان کیخلاف کھیلتے بھی رہے ہیں جس سے انہیں اندازہ ہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز چیلنجنگ ہوتے ہیں اور انہیں انکا کھیلنے کا انداز بے حد پسند ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ میں نے آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلی ہے، وہاں کے کھلاڑی ہمیشہ چیلنج لینا پسند کرتے ہیں۔ وہ کسی دباؤ میں نہیں آتے اور جیسے دل چاہے ویسے کھیلتے ہیں۔
View this post on Instagram
محمد رضوان نے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے کھلاڑی، گراؤنڈز اور وہاں کے لوگ بہت پسند ہیں، کیونکہ وہ کرکٹ کو ایک مثبت اور آزادانہ انداز میں کھیلتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بگ بیش لیگ میں مقابلہ ہمیشہ سخت ہوتا ہے، لیکن وہ میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے پہلی بار کھیلنے پر نہایت پُرجوش ہیں۔
رضوان نے کہا کہ بگ بیش لیگ میں کرکٹ بہت مشکل ہوتی ہے، مگر میں تیار ہوں۔ باقی دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
بگ بیش لیگ کو اپنی نئی فیملی قرار دیتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ وہ پریشر سے آزاد ہو کر کھیلنے کے حامی ہیں اور آسٹریلیا میں کھیلنا ان کے لیے ہمیشہ ایک یادگار اور سیکھنے والا تجربہ رہا ہے۔
