لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے لیے خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرا دی۔
پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 میچ میں قومی کھلاڑی پنک کٹ (Pink Kit) پہن کر بریسٹ کینسر آگاہی مہم میں حصہ لیں گے۔ میچ کے دوران امپائر، عملہ اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کی حمایت کریں گے۔
میچ میں استعمال ہونے والے اسٹمپس پر بھی پنک برانڈنگ ہوگی۔ جبکہ میدان کے اطراف اس حوالے سے آگاہی پیغامات دکھائے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او سمیر احمد سید نے کہا کہ ہم کرکٹ کی مقبولیت کو معاشرتی آگاہی کے لیے استعمال کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ بیماری کی بروقت تشخیص بے شمار جانیں بچا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول اپنا پہلا ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی 20 بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک جنوبی افریقا ٹی 20 سیریز، ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 4 سے 8 نومبر کے دوران فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
