عالمی سطح پر لگژری اور عیاشی کے مرکز کے طور پر مشہور دبئی کی پہچان اب ایک نئے انداز میں سامنے آئی ہے۔
مقامی اسپیشلٹی کافی ڈیسٹی نیشن “جولِتھ” (Julith) تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے، کیونکہ وہ دنیا کی سب سے قیمتی اور اعلیٰ ترین کافی بین “نیدو 7 گیشا” (Nido 7 Geisha) پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس کے ایک کپ کی قیمت 3600 درہم یعنی پونے تین لاکھ روپے پاکستانی روپے رکھی گئی ہے۔
“بیسٹ آف پاناما” مقابلے کی کہانی
یہ کہانی اگست 2025 میں شروع ہوئی، جب پاناما میں دنیا کے سب سے معزز کافی مقابلے “بیسٹ آف پاناما” میں نیدو 7 گیشا نے سب کو حیران کر دیا۔ یہ واشڈ ویریائٹل کافی 98 پوائنٹس کے ریکارڈ اسکور کے ساتھ دنیا کی سب سے زیادہ ریٹنگ حاصل کرنے والی کافی بن گئی۔ اس نے پچھلا عالمی ریکارڈ 96.5 پوائنٹس توڑ دیا۔ حیرت انگیز طور پر 22 بین الاقوامی ججز میں سے 6 نے اسے 100/100 یعنی مکمل نمبر دیے۔
نایاب ترین کافی، صرف 20 کلو دنیا میں
اس کی قدر و قیمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پوری دنیا میں صرف 20 کلوگرام نیدو 7 گیشا موجود ہے۔ اس کمی نے دنیا کے مشہور ترین کافی روسٹرز کے درمیان زبردست بولی کی جنگ چھیڑ دی۔ جولِتھ (Julith) نے بالآخر پورا اسٹاک 22 لاکھ 18 ہزار 785 درہم (6 لاکھ 4 ہزار 80 امریکی ڈالر) میں خرید کر نیا ریکارڈ قائم کیا جو کافی کی نیلامی کی تاریخ میں سب سے بڑی بولی ہے۔

پاناما گیشا ایکسپیرینس:
ایک خصوصی چکھنے کا سیشن جو ایک سے چار مہمانوں کے لیے ہوگا۔ اس تجربے میں کافی کے شوقین افراد کو پاناما کے اونچے پہاڑی علاقوں میں اگنے والے نیدو 7 گیشا کے سفر سے روشناس کرایا جائے گا جہاں یہ منفرد مائیکرو کلائمیٹ میں پروان چڑھتی ہے۔
سیشن میں روسٹنگ کے نازک مراحل، خوشبودار پھولوں جیسے ذائقے، چمکدار تیزابیت اور گہرے ذائقے کی تہوں کا تجربہ شامل ہوگا۔ ہر سیشن میں ایک کپ نیدو 7 گیشا نہایت مہارت سے تیار کر کے پیش کیا جائے گا۔