یوکرین کے شمالی حصے میں ایک ریلوے اسٹیشن پر دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب 23 سالہ شخص نے اپنے دستاویزات کی جانچ کرانے کے دوران دھماکہ کر دیا۔
یوکرینی پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بارڈر گارڈ سروس کے اہلکار مسافروں کی دستاویزات چیک کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے پلیٹ فارم پر کوئی دھماکہ خیز ڈیوائس نکالی، جو فوراً پھٹ گئی۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ کرنے والا شخص بھی موقع پر ہلاک ہو گیا ہے۔ اس لحاظ سے یہ ایک طرح کا خودکش حملہ ہے جس میں خود کش جیکٹ کے بجائے کوئی اور دھماکہ خیز ڈیوائس استعمال ہوئی تاہم حکام نے دھماکے کی نوعیت واضح نہیں کی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق استعمال کیا گیا دھماکہ خیز مواد ممکنہ طور پر ایک دستی بم (grenade) تھا لیکن پولیس نے تصدیق نہیں کی۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔