پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں پر اسرائیل کی جانب سے قنضہ کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی قانون ساز اسمبلی میں پیش کیے گئے مجوزہ بل کے ذریعے غیر قانونی یہودی بستیوں سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی دائرہ اختیار میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
🔊PR No.3️⃣1️⃣3️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣5️⃣
Pakistan Strongly Condemns Israeli Moves Undermining Palestinian Sovereignty https://t.co/xUzE3GlRGM pic.twitter.com/ySISpzT8CA
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 23, 2025
ترجمان نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کر رہے ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور مؤثر اقدام اٹھائے تاکہ اسرائیل کو ان غیر قانونی اقدامات سے روکا جا سکے اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کے تحفظ کے لیے علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تاکہ فلسطینیوں کے لیے امن، انصاف اور وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متحد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جو 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے غزہ میں امن معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کے تازہ حملوں کی پرزور مخالفت کرتا ہے جن کے نتیجے میں بے شمار بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شرم الشیخ میں مسلم و عرب ممالک، امریکہ، یورپ اوراقوام متحدہ کی قیادت کی موجودگی میں ہونے والے امن معاہدے کے منافی ہیں۔
