اسلام آباد، ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ میں امن معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کے تازہ حملوں کی پرزور مخالفت کرتا ہے جن کے نتیجے میں بے شمار بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شرم الشیخ میں مسلم و عرب ممالک، امریکہ، یورپ اوراقوام متحدہ کی قیادت کی موجودگی میں ہونے والے امن معاہدے کے منافی ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنگ بندی کے مکمل نفاذ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اورانسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کی جائیں۔
باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، ایک خارجی دہشتگرد ہلاک ، متعدد ٹھکانے تباہ
پاکستان نے ایک بار پھرفلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی اورحمایت کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ وہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کرآزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
