پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں دو مختلف کشتیوں سے ایک ارب ڈالر کے قریب مالیت کی منشیات ضبط کر کے ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی حاصل کی ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مشترکہ بحری فورس (Combined Maritime Force – CMF) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی سعودی عرب کی قیادت میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت آپریشن ‘المسمک’ کے دوران کی گئی۔
دو روز میں دو بڑی کارروائیاں
سی ایم ایف کے بیان کے مطابق یہ آپریشن 16 اکتوبر سے جاری ہے۔ اس دوران پاکستان نیوی کے جہاز نے 48 گھنٹوں کے اندر دو مختلف کشتیوں کو روکا۔
18 اکتوبر کو پہلی کشتی سے 2 ٹن کرسٹل میتھ (آئس) برآمد ہوئی، جس کی عالمی منڈی میں مالیت 82 کروڑ 24 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔
اس کے صرف 48 گھنٹوں بعد دوسری کشتی کو روکا گیا جس سے 350 کلوگرام کرسٹل میتھ (مالیت: 14 کروڑ ڈالر) اور 50 کلوگرام کوکین (مالیت: 1 کروڑ ڈالر) برآمد کی گئی۔
منشیات تلف، کشتیوں کی شناخت نہیں ہو سکی
ضبط شدہ منشیات کو بعد ازاں لیبارٹری جانچ کے لیے پی این ایس یرموک پر منتقل کیا گیا اور تصدیق کے بعد تلف کر دیا گیا۔
سی ایم ایف کے مطابق روکی گئی دونوں کشتیوں کی کوئی قومی شناخت نہیں تھی اور یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کہاں سے آئیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ اور سی ایم ایف کی مبارکباد
سی ایم ایف کی سربراہی کرنے والے سعودی رائل نیول فورسز کے کموڈور فہد الجویاد نے کہا کہ یہ سی ایم ایف کے لیے منشیات کی سب سے بڑی کامیاب کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی کثیرالقومی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
U.S. Central Command congratulates the Saudi-led Combined Task Force 150 of Combined Maritime Forces for successfully seizing more than $972 million worth of narcotics. Over a 48-hour period, Pakistan Navy Ship Yarmook conducted boarding operations of two dhows in the Arabian…
— U.S. Central Command (@CENTCOM) October 21, 2025
امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان نیوی اور سی ایم ایف کو مبارکباد دی۔
‘پاک بحریہ کے جوان ہمارا فخر ہیں’
وزیر اعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے پی این ایس یرموک کی کامیاب کارروائی پر بحریہ کے افسران اور جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ ہمارا فخر ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک بحریہ کے افسران و اہلکار پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ یرموک کی کامیابی پاکستان نیوی کے خطے میں امن و استحکام کے عزم کی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ منشیات کی یہ بڑی کارروائی عالمی امن اور سمندری سلامتی کے لئے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
پاک بحریہ عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے، نیول چیف
کامیاب انسداد منشیات آپریشن پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یرموک کے عملے کی پیشہ وارانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔
پاکستان کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس آر) کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے اپنے مشن میں پر عزم ہے اور باہمی تعاون اور مربوط میری ٹائم سیکیورٹی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی زیرقیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 میں پی این ایس یرموک کی تعیناتی سے نہ صرف دونوں بحری افوج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاہی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
پی این ایس یرموک؛ پاکستان نیوی کا جدید جہاز
واضح رہے کہ پی این ایس یرموک کی کمیشننگ تقریب فروری 2020 میں رومانیہ میں ہوئی تھی اور یہ دسمبر 2020 میں پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل ہوا۔
یہ جہاز الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر دفاعی نظام سے لیس ہے اور بیک وقت مختلف سمندری آپریشنز کے علاوہ ڈرون آپریشنز کی بھی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
