لاہور میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے 21 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق پتنگ کی ڈور پھرنے کا واقعہ تھانہ نواں کوٹ میں پیش آیا ، مزنگ کا رہائشی نوجوان موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گلے پر ڈور پھر گئی۔ نعمان یوسف کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق نعمان میڈیکل ریپ تھا، مرحوم گھر کا بڑا بیٹا اور اکیلا کمانے والا تھا، مرحوم کا ایک چھوٹا بھائی اور دو بہنیں ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور: پتنگ کی قاتل ڈور نے پی ایچ ڈی ڈاکٹر کی جان لے لی
علاوہ ازیں کالا شاہ کاکو میں ایک نوجوان گردن پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا ، نوجوان علی رضا موٹرسائیکل پر بنگلہ پلی کی جانب جا رہا تھا، علی رضا کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ غیر شرعی قرار
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، مریم نواز نے غیر قانونی پتنگ بازی کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
