اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، شانگلہ اور ملک کے مختلف شمالی علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زمین لرزنے پر عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، ہوٹلوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا اور زیرِ زمین گہرائی 234 کلومیٹر رہی۔ زلزلہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر محسوس کیا گیا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، شانگلہ، صوابی، لوئر دیر، دیر بالا، چترال، سوات، مردان، اٹک، مالاکنڈ اور باجوڑ سمیت گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، خصوصاً ضلع کھرمنگ اور وادی لیپہ میں بھی محسوس کیے گئے۔
سوات میں زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 183 کلومیٹر بتائی گئی، زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
مختلف شہروں میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی علاقوں میں مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں سے کلمہ طیبہ پڑھنے کی اپیلیں کی گئیں۔
سوات میں 4.5 شدت کا زلزلہ ، لوگوں میں خوف و ہراس
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ عوام کو آفٹر شاکس کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
