پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کے گھر سے بڑی مقدار میں سونا، چاندی، نقد رقم اور قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے بتایا کہ 1.92 کلوگرام سونا، 898 گرام چاندی، 69 برانڈڈ گھڑیاں، سونے کے کنگن، لاکٹ، بریسلٹ، انگوٹھیاں، چاندی کے تاج اور 50 ہزار بھارتی روپے برآمد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سعد رضوی کے 91 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے، جبکہ 3,800 ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو مالی معاونت فراہم کررہے تھے انکے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ٹی ایل پی بانی خادم رضوی کی قبرکی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہاں چندہ جمع کرنے یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حالیہ پرتشدد احتجاج میں تین شہری جاں بحق اور 45 زخمی ہوئے جبکہ 110 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، مظاہرین نے پولیس اورریسکیو 1122 کی گاڑیاں نذرِ آتش کیں۔
حکومت نے 330 ٹی ایل پی سے منسلک مساجد کا انتظام سنبھال کرانہیں معتدل سنی علما کے حوالے کر دیا ہے بعض مدارس سرکاری زمین پر قائم پائے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے والدین کو متنبہ کیا کہ جو نوجوان سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے اور انہیں داخلے، ویزے یا دیگر سہولتوں سے محروم کیا جا سکتا ہے۔
لاہور بورڈ نے امتحانات میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام متعارف کروا دیا
پنجاب کابینہ نے وفاقی حکومت کو ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش کر دی ہے اور فیصلہ آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے، جس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
