وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے سیز فائر ہوچکا ہے، اگر ادھر سے خلاف ورزی ہوئی تو انہیں پتا ہے کہ ان کا کیا حال ہوگا۔
گورنر سندھ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اورفیلڈ مارشل دونوں انتھک محنت کررہےہیں۔ ہمیں کامیابیاں بھی مل رہی ہیں۔ ہمیں اکٹھے رہنےکی ضرورت ہے۔ ہمارا مشن ملک کو آگے لے کر جانا ہونا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ کسی بھی تشدد پسند گروہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پنجاب حکومت ٹی ایل پی کا معاملہ دیکھ رہی ہے۔
اس سے پہلے گورنر سندھ کامران ٹسوری کا کہنا تھا کہ جب ٹی وی کھولے تویہ نہیں پتہ چلتا کہ محسن نقوی کون سے شہرمیں ہیں، نام بھی محسن ہے اس لئے وہ سب کے محسن ہیں۔
بولے کہ مسائل کسی کے بھی درمیان ہو تو انہیں حل کرنے کے لیے دعوت دی جاتی ہے، جب انسان بہت زیادہ محنت کرتا ہے تو اللہ اسکا صلہ بھی دیتا ہے۔ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں بھی محسن نقوی کام کررہےہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ محسن نقوی وزیرداخلہ ہونے کے ساتھ چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ایشین کونسل کےسربراہ ہیں، یہ روپ بھی ہے کہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی بھی نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی بہتری کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دن رات محنت کر رہے ہیں ۔ شہباز اسپیڈ سب سےزیادہ تھی، اب وہ کہتےہیں محسن نقوی اسپیڈ زیادہ ہے۔
